ہومپاکستانمریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور(سب نیوز)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے ملاقات کی، جس میں پاک چین دوستی، سی پیک، معاشی ترقی، امن و امان، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ماحولیاتی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ خاندان سے خاندان اور نسل در نسل محبت، اعتماد اور دوستی کا مضبوط رشتہ ہیں، سی پیک پاکستان اور چین کی دوستی کا تاریخی سنگ میل ہے، جبکہ نواز شریف کی قیادت نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں 2029 تک کاروبار دوست معاشی تبدیلی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، برآمدات میں اضافے، ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ چین کے تعاون سے اگلے سال بین الاقوامی سطح کی ایئر کوالٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی، پنجاب میں ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشنز کی تعداد 69 تک بڑھا دی گئی ہے، جبکہ ہدف 100 سٹیشنز کا قیام ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق بیجنگ کے کامیاب ماڈل سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں سموگ کے تدارک کیلئے سال بھر اقدامات جاری ہیں، ماحول دوست ٹیکنالوجی اور مثر نگرانی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، سپر سیڈرز اور بیلرز کے استعمال سے فصلوں کی باقیات جلانے کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے، جبکہ زرعی باقیات کو معاشی وسائل میں تبدیل کرنے کیلئے جدید طریقوں کے فروغ پر توجہ دی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں گرین انرجی اور ای موبلٹی کو فروغ دیا جا رہا ہے، طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی فراہمی ماحول دوست سفر کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، ملتان اور سرگودھا میں کینسر کے علاج کی سہولتوں اور ضلعی کینسر مراکز کے قیام پر کام جاری ہے، جبکہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے وزیراعلی مریم نواز شریف کے پاک چین تعاون کے فروغ میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی آمد اور تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔