کرک (سب نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)اور پولیس کی ٹیم پر دہشت گردوں کے اچانک حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی عمران الدین اور ایس ایچ او افضل اعوان سمیت 4 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں دو سپاہی امجد اور کاظم بھی شامل ہیں۔ واقعے کے فورا بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جس میں دو دہشت گردوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
علاقے میں بدستور فائرنگ اور سیکیورٹی آپریشن جاری ہے، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہے تاکہ علاقے کو گھیرا میں لے کر ملزمان کا قلع قمع کیا جا سکے۔دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرک میں پولیس فورس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین سمیت دیگر قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی
