اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان امریکہ شکاگو لینڈ چیمبر آف کامرس کے پاکستان چیپٹر کے نائب صدر رانا خرم علی کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاکستان امریکہ شکاگو لینڈ کے صدر نوید انور چوہدری، برما میں پاکستان کے موجودہ سفیر اور شکاگو میں سابق کونسل جنرل طارق کریم، ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما زاہد ملک، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر حاجی نواز رضا، سینئیر صحافی عامر الیاس رانا، طارق عزیز کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دریں اثنا پاکستان میں امریکہ کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بھی پاکستان امریکہ شکاگو لینڈ چیمبر آف کامرس کے پاکستان چیپٹر کے نائب صدر رانا خرم علی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اہلیہ کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مرحوم کی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شکاگو میں پاکستانی قونصل جنرل زمان مہدی، ایم کیو ایم کے مرکزی راہنما ڈاکٹر فاروق ستار، پاکستان امریکہ شکاگو لینڈ چیمبر آف کامرس کے چیئرمین طارق بٹ، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں خاص طور پر کاروباری برادری کی شخصیات نے بھی رانا خرم علی کی وفات پر اہل خانہ کے نام تعزیتی بیان میں افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے لئے بالخصوص اور سماجی شعبے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بالعموم خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یاد رہے کہ رانا خرم علی کی گاڑی گزشتہ روز مظفرآباد سے نیلم جاتے ہوئے کھائی میں جا گری تھی جس سے رانا خرم علی جاں بحق جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی تھیں۔
