ہومپاکستانپاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے پر اہم پیش رفت، زرعی مصنوعات کی رسائی بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے پر اہم پیش رفت، زرعی مصنوعات کی رسائی بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مارکیٹ تک رسائی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان اور سیکریٹری تجارت جواد پال بھی شریک تھے۔وزارت تجارت کے مطابق، پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارتی معاہدے کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم بعض تکنیکی شقوں کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے ساتھ مزید بات چیت درکار ہے۔

ملاقات میں پاکستانی آموں اور بلوچستان کی کھجوروں کو امریکی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے، متعلقہ معائنہ ٹیموں کے دوروں میں تیزی لانے اور زرعی برآمدات کے امکانات بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس کے علاوہ امریکا سے کپاس اور سویا بین کی درآمدات میں اضافے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زراعت، معدنیات اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے امریکی کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ کراچی میں 23 سے 26 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی فوڈ ایگ 2026نمائش میں شرکت کریں، جہاں زرعی تجارت، غذائی مصنوعات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ملاقات میں معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون، ہنرمند افرادی قوت کی ترقی اور علاقائی تجارتی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے افغانستان اور وسطی ایشیا کے ساتھ زمینی تجارتی راستوں کے استحکام کو علاقائی تجارت اور اقتصادی رابطوں کے لیے اہم قرار دیا۔فریقین نے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے، تجارتی تعاون کو آگے بڑھانے اور مارکیٹ تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی روابط میں بہتری، زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے اور امریکی سرمایہ کاری کے فروغ کو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کی وسعت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔