ہومپاکستانپرتگال اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کے ذریعے تعاون کے فروغ پر زور

پرتگال اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کے ذریعے تعاون کے فروغ پر زور

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میں پرتگال کے سفیر پالو ڈومنگوس نے سیالکوٹ میں قائم ایف سی پورٹو کی ڈریگن فورس فٹ بال اکیڈمی کو پاکستان اور پرتگال کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی اہم مثال قرار دیا ہے۔اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)کے ہیڈکوارٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے پرتگالی سفیر نے کہا کہ ڈریگن فورس اکیڈمی، جو فارورڈ اسپورٹس کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور نوجوان فٹ بال کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل پاکستان اور پرتگال کے عوام کو قریب لانے کا ایک مثر ذریعہ ہیں۔ اس نوعیت کے منصوبوں سے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے، فٹ بال کی جدید مہارتیں سیکھنے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے مواقع میسر آتے ہیں۔سفیر پالو ڈومنگوس نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ایس آئی ایف سی کے کردار اور معاونت کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس امر کو اہم قرار دیا کہ ادارہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانے میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔
ڈریگن فورس اکیڈمی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کھیلوں کے منصوبے روایتی سفارتی اور اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔پاکستان اور پرتگال کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں اس طرح کے اقدامات نوجوانوں کی تربیت، باہمی تجربات کے تبادلے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔