ہومتازہ ترینایس ایم ایز کی ترقی کیلئے جامع حکمتِ عملی، آسان قرضے اور ڈیجیٹل سہولتیں ناگزیر ہیں ، آئی سی سی آئی قیادت

ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے جامع حکمتِ عملی، آسان قرضے اور ڈیجیٹل سہولتیں ناگزیر ہیں ، آئی سی سی آئی قیادت

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار(ایس ایم ایز)پاکستان کی معاشی ترقی، صنعتی فروغ، روزگار کی فراہمی اور برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کی موثر سرپرستی سے مقامی صنعت، کاروباری سرگرمیوں اور ملکی پیداواری صلاحیت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

وہ چیمبر ہاوس میں کاروباری نمائندوں پر مشتمل مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے چھوٹے کاروباروں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی ترقی کے لیے حکومت، مالیاتی اداروں اور کاروباری تنظیموں کے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ توانائی و پیداواری لاگت میں اضافہ، پیچیدہ ٹیکس نظام اور ضابطہ جاتی رکاوٹیں ایس ایم ایز کی ترقی میں مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مقامی صنعت کے فروغ، ویلیو ایڈیشن اور خواتین و نوجوان کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے سازگار پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا۔سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے آسان شرائط پر قرضوں، ورکنگ کیپیٹل اور کاروباری ضروریات کے مطابق مالی سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے۔

انہوں نے ٹیکس طریقہ کار آسان بنانے اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری پر بھی زور دیا۔نائب صدر محمد وقاص خان نے ایس ایم ایز کی مسابقت بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ای کامرس اور جدید کاروباری طریقوں کو اپنانے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ تربیت، ڈیجیٹل مہارتوں اور برآمدات سے متعلق رہنمائی کے ذریعے چھوٹے کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی اور بین الاقوامی سپلائی چین کا حصہ بننے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔