ہومپاکستانپاکستان اور جرمنی کے درمیان 75سالہ سفارتی تعلقات، چیئرمین سینیٹ کا دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور

پاکستان اور جرمنی کے درمیان 75سالہ سفارتی تعلقات، چیئرمین سینیٹ کا دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، تعلیم اور پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال باہمی طور پر مفید اور مستقبل پر مبنی شراکت داری کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمنی کے قومی دن کے سلسلے میں اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، کیا تقریب میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل، سفارت کاروں اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک تھے۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی پارلیمنٹ، حکومت اور عوام کی جانب سے جرمن قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے جرمن یومِ اتحاد کو قومی یکجہتی، استقامت اور مشترکہ خوشحالی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے دیرینہ دوستانہ تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر استوار ہیں، جنہیں علامہ محمد اقبال اور ڈاکٹر روتھ فا کی خدمات نے مزید تقویت بخشی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے لیے جرمنی کے مسلسل تعاون، بالخصوص ترقیاتی شعبوں، ماحولیاتی اقدامات، خواتین کو بااختیار بنانے اور انسانی ترقی کے لیے معاونت کو سراہا۔ انہوں نے جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت پاکستان کی مسلسل شمولیت کے لیے جرمنی کی حمایت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے خصوصی اقتصادی زونز، قابلِ تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی اور ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ کو جرمن سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے اہم مواقع قرار دیا۔

عوامی روابط کے حوالے سے سید یوسف رضا گیلانی نے جرمن جامعات میں پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ طلبہ اور خاندانوں کے دوبارہ ملاپ کے ویزوں میں تاخیر سے متعلق مسائل پر مناسب توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹیکنالوجی، تحقیق اور صنعتی ترقی، بشمول قابلِ اطلاق قوانین و ضوابط کے مطابق دفاعی شعبے میں اشتراک کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کی پارلیمانوں کے درمیان باقاعدہ روابط اور علاقائی و عالمی امور پر قریبی مشاورت سے امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے جرمن قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلسل روابط اور تعاون دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مثر شراکت داری میں تبدیل کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔