ہومتازہ ترینایف آئی اے اسلام آباد زون کی کارروائیاں تیز، 4 ماہ میں 190 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے اسلام آباد زون کی کارروائیاں تیز، 4 ماہ میں 190 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(سب نیوز) ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی زیرِ نگرانی غیر قانونی ویزا ایجنٹس اور شہریوں کے ساتھ دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق گزشتہ چار ماہ کے دوران ایف آئی اے اسلام آباد زون کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز اسلام آباد اور راولپنڈی نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 190 ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے گزشتہ چار ماہ کے دوران 70 ملزمان کو گرفتار کیا، 20 کروڑ 45 لاکھ روپے کی ریکوری کی اور 668 مقدمات درج کیے۔

اسی عرصے کے دوران اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے 120 ملزمان کو گرفتار کیا، 41 کروڑ 10 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری کی اور 875 مقدمات درج کیے۔

دونوں سرکلز کی مجموعی کارکردگی کے مطابق گزشتہ چار ماہ کے دوران 190 ملزمان کی گرفتاریاں، 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری اور 1,543 مقدمات کا اندراج عمل میں لایا گیا۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت اور سفر کے نام پر دھوکہ دہی سے بچانے، غیر قانونی ویزا ایجنٹس کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایف آئی اے حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت یا سفر کے لیے کسی بھی ایجنٹ سے معاملہ کرتے وقت ضروری تصدیق کریں اور دھوکہ دہی یا کسی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔