اسلام آباد: پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سنگ ہو نے 14 اکتوبر کو دفاعی اتاشی کرنل کم جن وو کے ہمراہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کے نظامِ قدرتی آفات سے نمٹنے، ادارے کے اہم کردار اور متعلقہ صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران جنوبی کوریا کے وفد نے پاکستان کی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور ہنگامی حالات میں ردعمل کے نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان قدرتی آفات کی روک تھام اور ان سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والی قدرتی آفات سمیت مختلف خطرات سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے تجربات، مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
فریقین نے آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تربیت، تعلیم اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔
دورے کا مقصد پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانا اور قدرتی آفات کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔
