ہومتازہ ترینٹیسلا نے اڑنے والی گاڑی متعارف کروا دی

ٹیسلا نے اڑنے والی گاڑی متعارف کروا دی

امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے راکٹ طرز کے تھرسٹرز سے لیس نئی روڈسٹر متعارف کرادی اور اعلان کیا ہے کہ گاڑی کی پیداوار 2028 میں شروع کی جائے گی۔
نئی روڈسٹر کی رونمائی ایسے وقت ہوئی ہے جب ٹیسلا اپنی توجہ خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی اور روبوٹکس کی جانب منتقل کررہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹیسلا نے نئی 2 نشستوں والی سفید رنگ کی اسپورٹس کار پیش کی جسے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کی راکٹ کمپنی اسپیس ایکس کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔


تقریب کے دوران گاڑی نے سکشن سسٹم کی مدد سے ایک ریمپ پر الٹی سمت میں چلنے، ہوا میں گھومنے اور نصب شدہ تھرسٹرز کی مدد سے لینڈ کرنے کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں گاڑی نے تھرسٹرز استعمال کرتے ہوئے ایک ٹرک اور دیگر گاڑیوں کے اوپر سے چھلانگ بھی لگائی۔اس مظاہرے نے شائقین اور سرمایہ کاروں کو حیران کردیا۔
ٹیسلا کے مداح اور سرمایہ کار ساویر میرٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسے اپنی دیکھی ہوئی مصنوعات کی سب سے غیر معمولی نمائش قرار دیا۔
ٹیسلا کے گاڑیوں کی انجینئرنگ کے سربراہ لارز موراوی کے مطابق نئی روڈسٹر صفر سے 60 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 97 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں حاصل کرسکتی ہے۔
ان کے مطابق گاڑی کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 میل فی گھنٹہ، یعنی 370 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہوسکتی ہے جبکہ ایک مرتبہ چارج کرنے پر یہ 300 میل، یعنی تقریباً 480 کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طے کرسکتی ہے۔
ایلون مسک نے کہا کہ گاڑی کی رفتار اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے اور یہ آواز کی رفتار کے نصف کے قریب پہنچ سکتی ہے۔
تقریب میں ایلون مسک اور دیگر حکام نے گاڑی کی حتمی قیمتوں کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم ٹیسلا کی بکنگ ویب سائٹ پر پرفارمنس ورژن کے لیے 50 ہزار ڈالر جبکہ تھرسٹ ورژن کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر جمع کرانے کی شرط ظاہر کی گئی۔
ایلون مسک کی دونوں کمپنیوں کے اشتراک کو بعض مبصرین نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے ممکنہ انضمام کے حوالے سے دلچسپی بڑھانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ مسک اس سے قبل بھی دونوں کمپنیوں کے درمیان مشترکہ امکانات پر بات کرچکے ہیں۔
تاہم مسک نے 2023 میں روڈسٹر کی مالی اہمیت کو محدود قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے کمپنی کی مالی کارکردگی میں کوئی بڑا فرق نہیں پڑے گا۔
مارننگ اسٹار کے تجزیہ کار سیٹھ گولڈسٹین کے مطابق روڈسٹر ٹیسلا کی نئی فلیگ شپ کار ہوگی جو کمپنی کی بہترین انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی نمائندگی کرے گی۔
ٹیسلا نے دوسری نسل کی روڈسٹر کا پروٹوٹائپ پہلی مرتبہ 2017 میں پیش کیا تھا اور اس وقت 2020 میں گاڑیوں کی فراہمی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم منصوبے میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی۔
اصل روڈسٹر 2008 میں متعارف کرائی گئی تھی اور 2012 تک فروخت ہوتی رہی۔ یہ ٹیسلا کی پہلی الیکٹرک گاڑی تھی، جس میں لوٹس ایلیس کا چیسس استعمال کیا گیا تھا۔
ٹیسلا 21 اکتوبر2026 کو اپنی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کاروں کی توجہ نئی گاڑی کے مظاہرے کے بجائے کمپنی کے منافع، مارجن اور نقد بہاؤ کے اعداد و شمار پر زیادہ رہے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔