ہومپاکستانحکومت پنجاب کی تجویز مسترد، الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ

حکومت پنجاب کی تجویز مسترد، الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت پنجاب کی جانب سے بلدیاتی انتخابات اپریل میں مرحلہ وار کرانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا اور حکومت کا ایک ہفتے کے اندر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرنگ افسر اور اسسٹنٹ ریٹرنگ افسر کے لیے فہرستیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت کمیشن کا پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اراکین الیکشن کمیشن نثار احمد درانی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس(ریٹائرڈ)اکرام اللہ خان، سیکریٹری الیکشن کمیشن اوردیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے الیکشن کمیشن کی چٹھی 2 اکتوبر 2026 اور ڈرافٹ الیکشن پروگرام کے جواب میں مورخہ 14اکتوبر 2026 کو جواب دیا ہے کہ صوبائی حکومت دسمبر میں گہری دھند اور سخت سرد موسمی حالات اور اس کے بعد فروری میں رمضان کے شروع ہونے کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات 3 مرحلوں میں کروانا چاہتی ہے جو اپریل 2027 میں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ (3)219 کے تحت 20 اگست 2026 کو مشاورتی عمل مکمل کرلیا گیا تھا، جس میں صوبائی حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مورخہ 15 دسمبر 2026 سے 15جنوری 2027 کے دوران کروانے پر رضامندی ظاہر کر دی تھی لیکن اب مذکورہ بالا تجویز کردہ تاریخوں کو تبدیل کروانا چاہتی ہے۔ کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظررکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہذا دفتر کو حکم دیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ الیکشن پروگرام الیکشن کمیشن کی منظوری کے لیے فورا پیش کریں۔مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو افسران کی فہرست فراہم کرنے کا کہا تھا تاکہ انہیں بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرنگ آفیسر اور اسسٹنٹ ریٹرنگ آفیسر تعینات کیا جاسکے، یہ فہرستیں ابھی تک مہیا نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا اور صوبائی حکومت کو کہا گیا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر یہ فہرستیں فراہم کریں۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کو کنٹونمنٹ میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق بتایا گیا کہ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت دفاع، ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ ڈپارٹمنٹ سے 15 اپریل 2026 کو مشاورتی اجلاس ہوا تھا، جس میں الیکشن کمیشن نے سیکریٹری وزارت دفاع کو کہا تھا کہ وہ وفاقی حکومت کو سمری بھیجیں تاکہ وفاقی حکومت کنٹونمنٹ ایکٹ 1924کی سیکشن 19(D) کے تحت الیکشن کمیشن کو کنٹونمنٹس کے انتخابات کے انعقاد کی باقاعدہ درخواست کرے تاکہ الیکشن کمیشن کنٹونمنٹس میں انتخابات کا شیڈول دے سکے۔ اس سلسلے میں وزارت دفاع کو کئی یاددہانی خطوط لکھے گئے اور چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے وزیراعظم کو بھی اس سلسلے میں خط ارسال کیا گیا لیکن کہیں سے بھی کوئی خاطرخواہ جواب موصول نہیں ہوا، اس کیس میں بھی الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کنٹونمنٹس میں انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور الیکشن شیڈول فوری طورپر دینے کا فیصلہ کیا۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ دفتر کو حکم دیا گیا ہے کہ کنٹونمنٹس میں انتخابات کا پروگرام فوری طور پر الیکشن کمیشن کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔