ہومپاکستانپشاور اسکول حادثہ: ازبکستان کے سفیر علیشر تختائیف کا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس

پشاور اسکول حادثہ: ازبکستان کے سفیر علیشر تختائیف کا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس

اسلام آباد (سب نیوز) پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علیشر تختائیف نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے المناک حادثے میں معصوم بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں ازبکستان کے سفیر نے کہا کہ اسکول کی چھت گرنے سے معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان والدین کے غم کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا جنہوں نے اپنی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ، اپنے پیارے بچوں کو کھو دیا ہے۔
علیشر تختائیف نے کہا کہ اس دکھ اور صدمے کی گھڑی میں ان کے دل اور دعائیں متاثرہ خاندانوں اور پاکستان کے برادر عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ازبکستان اس مشکل وقت میں پاکستان کے غم میں برابر کا شریک ہے اور سوگوار خاندانوں کے دکھ میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ازبکستان کے سفیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے والدین و اہل خانہ کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل، ہمت اور حوصلہ عطا کرے۔ آمین۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔