پشاور: گورنر خیبر پختونخوا نے صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق دوپہر ایک بجے گورنر خیبرپختونخوا ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس کی صدارت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کریں گے، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی شرکت بھی متوقع ہے، صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوں گے۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کے 12 حساس اضلاع کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں فوج کی تعیناتی اور اس حوالے سے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ ہونے کے بعد گورنر کی زیر صدارت خصوصی سیکیورٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کونسل آف ایڈوائزرز کے ارکان، چیف سیکرٹری، ایڈوائزر برائے قبائلی و داخلہ امور، آئی جی پولیس، سینئر پولیس و سی ٹی ڈی حکام اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ آج ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے بھر میں صورتحال پُرامن اور معمول کے مطابق رہی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
