اسلام آباد (سب نیوز): پاکستان میں پرتگال کے سفیر پاؤلو گیدیز ڈومنگس نے نوی پلّے کو نوبیل امن انعام ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انسانی حقوق، انصاف اور انسانی وقار کے لیے ان کی غیرمتزلزل جدوجہد کو سراہا ہے۔
اپنے پیغام میں پرتگالی سفیر نے کہا کہ ان کے لیے یہ ایک اعزاز کی بات رہی کہ انہیں سزائے موت کے خلاف بین الاقوامی کمیشن (آئی سی ڈی پی ) کے سپورٹ گروپ میں پرتگال کے نمائندے کی حیثیت سے نوی پلّے سے متعدد مواقع پر ملاقات کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں نے انسانی حقوق، انصاف اور انسانی وقار کے لیے نوی پلّے کے غیرمتزلزل عزم کے حوالے سے ان کی قدر و منزلت میں مزید اضافہ کیا۔
سفیر پاؤلو گیدیز ڈومنگس نے کہا کہ یہ اعزاز نوی پلّے کی جرات، دیانت داری، قانون کی حکمرانی اور امن کے فروغ کے لیے ان کی زندگی بھر کی خدمات کا اعتراف ہے۔
انہوں نے اس کامیابی کو قابلِ تقلید اور متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انسانی حقوق کے تحفظ اور انصاف کے فروغ کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔
