ہومبریکنگ نیوزسی ڈی اے میں 20 کروڑ مالیت کے پلاٹس کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا معاملہ ،، ایف آئی اے کا 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج ،، ایف آئی آر کی کا سب نیوز پر

سی ڈی اے میں 20 کروڑ مالیت کے پلاٹس کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا معاملہ ،، ایف آئی اے کا 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج ،، ایف آئی آر کی کا سب نیوز پر

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد نے سی ڈی اے کے لینڈ اینڈ ری ہیبلیٹیشن ڈائریکٹوریٹ میں مبینہ غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ اور دوہری بحالی کے فوائد دینے کے معاملے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق، ایف آئی اے اسلام آباد زون کی انکوائری نمبر 35/2024 کے دوران انکشاف ہوا کہ سی ڈی اے کے بعض افسران و اہلکاروں نے مبینہ طور پر نجی افراد کے ساتھ ملی بھگت کرکے سیکٹر آئی-12/4 اسلام آباد میں 10 پلاٹوں کی فائلیں غیر قانونی طور پر الاٹ کیں۔

دستاویز کے مطابق، معاملے میں جعل سازی، خیانتِ مجرمانہ، اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور دوہری مراعات حاصل کرنے کے الزامات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419، 420، 468، 471 اور 109 سمیت دیگر متعلقہ قانونی دفعات درج کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق، اسلم ولد سمن دار کے قانونی ورثا کے نام پر پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے مبینہ طور پر غیر قانونی دعووں پر کارروائی کی گئی۔ دستاویز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 11 ستمبر 2017 کو جمع کرائے گئے دعوے کی بنیاد پر 10 رہائشی پلاٹوں کی الاٹمنٹ منظور کی گئی، جن کے نمبر 958، 921، 949، 918، 963، 916، 920، 1088، 908 اور 926 بتائے گئے ہیں۔ ہر پلاٹ کا سائز 30×60 فٹ درج ہے۔

مقدمے میں سی ڈی اے کے متعدد سابق افسران و اہلکاروں، جن میں سابق ڈائریکٹر لینڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈیلنگ اسسٹنٹس شامل ہیں، کے نام درج کیے گئے ہیں۔ نجی افراد کے نام بھی ایف آئی آر کا حصہ ہیں، جبکہ بعض دیگر اہلکاروں کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیے جانے کا ذکر ہے۔

ایف آئی اے کی دستاویز کے مطابق، مقدمہ باقاعدہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد درج کیا گیا۔ اب معاملے کی مزید تفتیش کے ذریعے مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ، متعلقہ افسران کے کردار اور ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے گا۔

نوٹ: ایف آئی آر میں درج الزامات تاحال الزامات ہیں؛ ان کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین شواہد، تفتیش اور عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔