ہومبریکنگ نیوزچھٹا روز: پی ٹی آئی لانگ مارچ پشاور پہنچ گیا، آج چارسدہ روانگی ہو گی

چھٹا روز: پی ٹی آئی لانگ مارچ پشاور پہنچ گیا، آج چارسدہ روانگی ہو گی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا 4 اکتوبر سے شروع ہونے والا لانگ مارچ لکی مروت، کرک، کوہاٹ، متنی اور خیبر سے ہوتا ہوا رات گئے صوبائی دارالحکومت پشاور پہنچ گیا۔ شرکا آج چارسدہ کی جانب روانہ ہونگے۔
لانگ مارچ ملتوی کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے پی ٹی آئی کے ساتھ 2 اور 3 اکتوبر کو مذاکرات کے متعدد ادوار ہوئے تاہم فریقین کے مابین معاہدے پر اتفاق رائے نہ ہو سکا، جس پر پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی سمیت متعدد دیگر مطالبات کے حق میں 4 اکتوبر اتوار سے لانگ مارچ شروع کیا تھا۔
لکی مروت سے قافلہ کرک، کوہاٹ اور پھر متنی سے ہوتا ہوا خیبر پہنچا جہاں ڈی ٹور روڈ پر پڑاؤ ڈالا گیا۔ ابتدائی منصوبے کے مطابق قافلے نے کوہاٹ سے براہ راست پشاور جانا تھا اور رات متنی کے قریب قیام کرنا تھا تاہم پی ٹی آئی نے منگل کو مارچ کا روٹ تبدیل کر دیا۔
نئے پلان کے مطابق لانگ مارچ اب پشاورکبوتر چوک پر پہنچ گیا جہاں سے یہ لانگ مارچ اب چارسدہ ، پھر مردان، صوابی اور ملاکنڈ کی طرف روانہ ہو گا۔ممکنہ طور پر 12 اکتوبر تک نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
لانگ مارچ کے باعث پشاور میں نجی اور سرکاری اسکولز جزوی طور بند ہیں۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق جن علاقوں سے لانگ مارچ گزرے گا وہاں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اسکولز بند کیے گئے ہیں جبکہ قافلے کے روٹ سے باہر تمام اسکولز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔اس سے قبل پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے تعلیمی بورڈز نے لانگ مارچ کے باعث امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کےعلاوہ پشاور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے۔اندرون شہر سمیت نواحی علاقوں میں موبائل فون سروس بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، صارفین کے مطابق اس وقت پوش علاقے حیات آباد، رنگ روڈ حیات آباد ٹول پلازہ، بھانہ ماڑی، کوہاٹی چوک سرکلر رو ڈ اور اندرون شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس معطل ہے۔
پشاور کے کبوتر چوک پر لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ کارکنوں کے جوش و جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ابھی یہ ٹیسٹ میچ ہے خود کو تھکانا نہیں ہے، اس کے بعد ون ڈے میچ اور پھر ٹی ٹوئنٹی بھی ہوگا،ابھی دیکھو پاکستانی قوم سپرسکس کا بھی مارچ کر رہے ہیں، ہم آپ کی خاطر سپر سکس بھی کھیلیں گے۔
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کی وجہ سے عمران خان کی صحت خراب ہے ،ہم ان تمام لوگوں کو خبردار کر رہے ہیں کہ اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو آپ سب کو(حکومت) ذمہ دار ٹھہرائیں گے۔
انہوں کے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھنا جس عمران خان کو آپ نے ووٹ دیا ہے میں اس کا نمائندہ، اس کا کھلاڑی ہوں۔ نہ یہ میرے لیڈر کو جھکا پائے اور نہ مجھے ڈرا پائیں گے انشااللہ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔