ہومتازہ ترینآئی ایم ایف سے 1.21 ارب ڈالر کا اسٹاف لیول معاہدہ خوش آئند ہے، عاطف اکرام شیخ

آئی ایم ایف سے 1.21 ارب ڈالر کا اسٹاف لیول معاہدہ خوش آئند ہے، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے 1.21 ارب ڈالر کے اسٹاف لیول معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام میں پیشرفت سے پاکستان کی معیشت پر عالمی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔


عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ معاشی استحکام کے بعد اب پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی جانب تیزی سے بڑھنا ہوگا۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور کرنٹ اکاؤنٹ کا متوازن رہنا معیشت کے لیے مثبت اشارے ہیں، تاہم معاشی استحکام کو برآمدات، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور گردشی قرضے کا خاتمہ معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ بجلی اور گیس کے نرخوں کے حوالے سے بروقت فیصلے ضروری ہیں، تاہم صنعت اور کاروبار کی مسابقت کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وسیع البنیاد ایندھن سبسڈی کے بجائے مستحق طبقات کو براہ راست ریلیف دینا زیادہ مؤثر ہوگا۔ مہنگائی میں کمی مثبت پیشرفت ہے اور عوام کو اس کے ثمرات مستقل بنیادوں پر منتقل ہونے چاہئیں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ روپے کی قدر میں استحکام کے ساتھ برآمدات کے فروغ کے لیے مسابقتی کاروباری ماحول ضروری ہے۔ نجکاری کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کے ساتھ نجی شعبے کی استعداد کو ترجیح دی جائے، جبکہ تجارتی اور ریگولیٹری رکاوٹیں کم کیے بغیر نجی سرمایہ کاری میں مطلوبہ اضافہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا تسلسل ہی پاکستان کو بیرونی مالی معاونت سے پائیدار خود انحصاری کی طرف لے جا سکتا ہے۔ جغرافیائی کشیدگی اور عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانا ضروری ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کو مل کر معاشی اصلاحات کو عملی کامیابی میں تبدیل کرنا ہوگا۔ آئی ایم ایف پروگرام کو آخری مقصد نہیں بلکہ معاشی خود انحصاری کی طرف ایک عبوری مرحلہ سمجھا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔