کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمات میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جیل حکام کی جانب سے ملزمہ اور اس کے شریک ملزمان کو آج ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جس پر عدالت نے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر لازمی پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کی ذاتی حاضری بھی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزمہ کی عدالت میں حاضری لازمی ہے، جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمے کی نقول فراہم کرنا ممکن نہیں۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کو رواں سال گرفتار کیا گیا تھا اور ملزمہ انمول پنکی پر بڑے پیمانے پر منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ گارڈن میں منشیات اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔
