ہومپاکستانبحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزایانی پاکستان پہنچ گئے، ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزایانی پاکستان پہنچ گئے، ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

اسلام آباد (سب نیوز)بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزایانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر 2روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کرینگے۔
بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزایانی کی اسلام آباد آمد پر اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری محمد ہمیر کریم اور اضافی سیکریٹری (مڈل ایسٹ)زاہد حسین نے ہوائی اڈے پر ان کا پرجوش استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان قائم قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ وابستگی کی نشاندہی کرتا ہے۔دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اپنے 2 روزہ قیام کے دوران بحرینی وزیر خارجہ اور ان کے پاکستانی ہم منصب، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
اجلاس کے دوران دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، دفاع و سیکیورٹی، محنت و افرادی قوت اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی فورمز پر باہمی تعاون پر بھی خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور دیرینہ عوامی روابط پر استوار ہیں۔دونوں ممالک تمام شعبوں میں باقاعدہ اعلی سطحی رابطے اور قریبی تعاون برقرار رکھے ہوئے ہیں، اور بحرینی وزیر خارجہ کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کی پیش رفت اور باہمی مفاد کے روابط کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔