ہومپاکستانپنجاب کے بیشتر اضلاع میں 6اور 7اکتوبر کو بارش کی پیشگوئی،پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 6اور 7اکتوبر کو بارش کی پیشگوئی،پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور(آئی پی ایس )پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 6 سے 7 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کی پیشگوئی ہے۔لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کردی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔سیف انور جپہ نے کہا کہ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے بچا کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں، انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی کی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں، بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔