ہومپاکستانمذاکرات کی ناکامی بدقسمتی، جھگڑا ہوا تو امن و سیاسی استحکام بہت دور ہو جائے گا، سعد رفیق

مذاکرات کی ناکامی بدقسمتی، جھگڑا ہوا تو امن و سیاسی استحکام بہت دور ہو جائے گا، سعد رفیق

لاہور (سب نیوز)مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی ناکامی بدقسمتی ہے، اب جھگڑا ہوا تو امن اور سیاسی استحکام کی منزل بہت دور ہو جائے گی۔
سعد رفیق نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اطلاع کے مطابق حکومتی ٹیم پورے مینڈیٹ کے ساتھ بیٹھی تھی، اپوزیشن ٹیم کا رویہ بھی مثبت رہا، حکومت نے 4 بار معاہدے کے ڈرافٹ میں تبدیلی کروائی، وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے نئے ڈرافٹ نے معاہدے کو ختم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی مطالبہ لانگ مارچ کے التوا اورریاستی اداروں سے تعاون تھا، پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ ملتوی کیا جا سکتا تھا اور حکومتی وعدے پورے نہ ہونے پرلانگ مارچ دوبارہ کیا جا سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ ہو جانے کی صورت میں بانی پی ٹی آئی سے اہل خانہ اور وکلا کی ملاقات کا راستہ کھل جاتا، وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور اپوزیشن لیڈرکے رویے نے ماحول بگاڑ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اس سے پہلے بھی کئی مواقع ضائع کر چکی ہے، ابھی بھی وقت ہاتھ سے نہیں نکلا ، اپوزیشن لانگ مارچ ملتوی کرے ، انسانی جانیں اور امن تمام اہداف سے اہم ہیں۔سعد رفیق نے کہا کہ بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ اور عامر ڈوگر ساتھیوں کو سمجھائیں، لانگ مارچ کی تاریخ کوئی آسمانی صحیفہ نہیں، معاہدہ ہونے دیں تاکہ اعتماد سازی کے اقدامات کی بنیاد رکھی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔