ہومپاکستانپاکستان پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں بدلنے کا خواہاں ہے ، وزیراعظم

پاکستان پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں بدلنے کا خواہاں ہے ، وزیراعظم

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور کوآرڈینیٹر برائے خصوصی خدمات ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، کاروباری روابط اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کو طویل المدتی، مضبوط اور کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ روابط کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اعلی سطحی قیادت کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔شہباز شریف نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ملاقات میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور، بالخصوص مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔