ہومپاکستانوزیراعظم کا خیبر پختونخوا کی صورتحال پر صدرمملکت سے دوبارہ ملاقات کا فیصلہ

وزیراعظم کا خیبر پختونخوا کی صورتحال پر صدرمملکت سے دوبارہ ملاقات کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر صدر سے دوبارہ ملاقات کا فیصلہ کرلیا،ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے میں امن و امان، تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور موجودہ سیاسی کشیدگی سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف آئینی آپشنز پر بھی غور متوقع ہے، جبکہ ممکنہ آئینی اقدامات کے قانونی اور سیاسی پہلووں کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعظم صدر کو خیبر پختونخوا کی امن و امان کی صورتحال، صوبائی معاملات اور لانگ مارچ کے حوالے سے حکومت کے موقف پر بریفنگ دیں گے۔ ملاقات میں لانگ مارچ کے ممکنہ اثرات اور صوبے میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت نہ ہونے کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ممکنہ اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔