اسلام آباد (آئی پی ایس )ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس علی وسیم نے کہا کہ شہری کی عزت اور اس کے جائز حق کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، شہریوں کی شکایات پر قانون اور میرٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ڈی آئی جی علی وسیم نے اسلام آباد میں ایک ہی روز میں 6 کھلی کچہریاں منعقد کیں، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات براہِ راست سنیں۔
اس موقع پران کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے ذریعے شہریوں کو اپنی شکایات پیش کرنے اور فوری داد رسی حاصل کرنے کے لیے ایک کھلا پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔شہری کا جائز حق ہی اس کی سب سے بڑی سفارش ہے، ہر معاملے میں میرٹ کو مقدم رکھا جائے گا۔
انہوں نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے مختلف علاقوں میں جا کر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے اور لوگوں کے مسائل براہِ راست سنے جائیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی خدمت، تحفظ اور انہیں بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کے حل کے لیے قانون اور میرٹ کے مطابق اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد پولیس کی جانب سے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
