ہومپاکستانحکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان درپردہ مذاکرات جاری، ناکامی پر گورنر راج کا آپشن بھی زیرِ غور ہے، رانا ثنا اللہ

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان درپردہ مذاکرات جاری، ناکامی پر گورنر راج کا آپشن بھی زیرِ غور ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ 4 اکتوبر کے احتجاج کو روکنے کے لیے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)رہنماوں کے درمیان آف دی ریکارڈمذاکرات جاری ہیں، تاہم ناکامی کی صورت میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا آپشن بھی زیرِ غور ہے۔
رانا ثنا اللہ نے تصدیق کی کہ پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر قیادت کے ساتھ در پردہ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اگر پی ٹی آئی نے مجوزہ احتجاج کی کال واپس نہ لی، تو لانگ مارچ کے شرکا کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی صوبائی حکومت کی سرپرستی میں وفاقی دارالحکومت کی جانب مارچ کرنا سراسر آئینی اور قانونی دفعات کی خلاف ورزی ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما نے ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں بتایا کہ آئینِ پاکستان میں گورنر راج کے نفاذ کا ایک واضح طریقہ کار موجود ہے اور وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں اس سنگین آپشن کو استعمال کرنے پر غور کر رہی ہے۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ مکمل آئینی عمل اور پارلیمنٹ کی منظوری سے مشروط ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں سے متعلق فیصلے کرنے کا حتمی اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے اور جب یہ حساس معاملہ ایوان میں آئے گا تو وزیراعظم شہباز شریف خود حکومتی موقف پوری صراحت کے ساتھ پیش کریں گے۔
پی ٹی آئی کی موجودہ فیصلہ سازی پر تنقید کرتے ہوئے مشیرِ وزیراعظم نے دعوی کیا کہ اس وقت تحریک انصاف کے معاملات کو سیاسی قیادت کے بجائے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز چلانے والے افراد ڈکٹیٹ کر رہے ہیں۔اپنی جماعت کے قائد میاں نواز شریف کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو آج بھی ان کی مکمل رہنمائی حاصل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔