اسلام آباد:(سب نیوز) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے زون فور میں غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹنگ اور سائٹ دفاتر سیل کرنے کی ہدایت کردی۔سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل پلاننگ کی جانب سے جاری مراسلوں کے مطابق النفیس ٹاؤن، مفتی محمود انکلیو، رائل ہومز/ریزیڈنشیاء، رائل سٹی، راول انکلیو، یار محمد ٹاؤن اور جے جے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مارکیٹنگ/سائٹ دفاتر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلوں میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے آرڈیننس 1960، آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشن 1992 اور 2023 کے متعلقہ قواعد کے تحت سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر اسلام آباد میں کوئی نجی ہاؤسنگ یا کمرشل اسکیم منصوبہ بندی، لانچ، ترقی یا تشہیر نہیں کرسکتی۔سی ڈی اے کے مطابق مذکورہ اسکیموں میں لے آؤٹ پلان (ایل او پی ) کی منظوری اور این او سی حاصل کیے بغیر ترقیاتی کام شروع کیے گئے، جس کے باعث تعمیرات اور زمین کا استعمال متعلقہ قوانین کے منافی قرار دیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے متعلقہ اسکیموں کو پہلے ہی نوٹسز اور شوکاز نوٹسز جاری کیے جاچکے ہیں، جن میں غیر قانونی ترقیاتی کام، مارکیٹنگ، خرید و فروخت اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ/منتقلی روکنے، جبکہ غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔سی ڈی اے نے واضح کیا کہ متعلقہ ضوابط کے تحت غیر مجاز تعمیرات، ترقیاتی سرگرمیوں اور تشہیر میں استعمال ہونے والے دفاتر کو ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ سی ڈی اے کی جانب سے مجسٹریٹ کی موجودگی میں سیل کیا جاسکتا ہے۔مراسلوں میں ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ اسکیموں کے مارکیٹنگ اور سائٹ دفاتر کو سی ڈی اے کے نوٹسز، شوکاز نوٹسز اور متعلقہ قواعد کی روشنی میں سیل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
