اسلام آباد(سب نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے منگل کے روز اسپیکر پیپلز مجلس مالدیپ عبد الرحیم عبداللہ کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاوس آمد پر وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے اور پارلیمانی تعاون کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے دیرینہ، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا دورہ دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک۔مالدیپ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان روابط کے فروغ اور باہمی تعاون کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں ینگ پارلیمانی فورمز، ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ، ویمن پارلیمانی کاکس اور چائلڈ رائٹس کاکس کی جانب سے ادا کیے جانے والے فعال کردار کا بھی ذکر کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور مالدیپ کے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان مسلسل رابطے باہمی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ امور پر تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔اس موقع پر اسپیکر پیپلز مجلس مالدیپ عبد الرحیم عبداللہ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مالدیپ پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔مالدیپ کے اسپیکر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے مالدیپ کے حوالے سے خیرسگالی کے تاثرات کو سراہا اور کیپ ٹان میں منعقدہ کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تعاون پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی اور عوامی روابط کو مزید وسعت دینے، باہمی تعاون کے شعبوں میں رابطوں کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان قریبی رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔مالدیپ کے اسپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں رکھی گئی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے اور قومی اسمبلی ہال کا دورہ کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مالدیپ کے وفد کو قومی اسمبلی ہال سے متعلق بریف کیا۔ ملاقات میں پاک۔مالدیپ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی کنوینر شائستہ خان، اراکین قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، دانیال چوہدری، اسفنیار ایم بھنڈارہ اور آسیہ ناز تنولی سمیت دیگر خواتین اراکین قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کے اعلی افسران نے شرکت کی۔
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی روابط اور تجارت کے فروغ پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
