دبئی: دبئی پولیس اور پبلک سیکیورٹی کے نائب چیئرمین شیخ احمد بن راشد المکتوم 76 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
شیخ محمد بن راشد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں مرحوم کے لیے مغفرت اور جنت میں اعلیٰ مقام کی دعا کی اور کہا کہ شیخ احمد اپنے اہل خانہ کے دلوں اور دعاؤں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھی اپنے چچا کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ احمد دبئی اور متحدہ عرب امارات کے عوام کے دلوں، یادوں اور دعاؤں میں ہمیشہ موجود رہیں گے۔
شیخ احمد بن راشد المکتوم، دبئی کے سابق حکمران شیخ راشد بن سعید المکتوم کے چوتھے اور سب سے چھوٹے صاحبزادے تھے۔ شیخ راشد نے 1958 سے 1990 میں اپنی وفات تک دبئی پر حکمرانی کی۔
شیخ احمد کے انتقال سے دبئی کے حکمران خاندان آل مکتوم کے ایک سینئر رکن کا انتقال ہوگیا ہے، جس پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
