پاکستان گالف فیڈریشن (پی جی ایف) کے زیر اہتمام ابھرتے ہوئے باصلاحیت گالفرز پر مشتمل قومی دستہ ڈھاکہ میں شیڈول “تھرڈ اے پی جی سی بنگلہ دیش جونیئر ایمیچور گالف چیمپئن شپ 2026” میں شرکت کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ 23 سے 26 ستمبر تک منعقد ہونے والی اس انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی بنگلہ دیش گالف فیڈریشن کی خصوصی دعوت پر بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کی نمائندگی کریں گے۔
ڈھاکہ روانگی سے قبل لاہور میں کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کا اہم رابطہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سفری انتظامات، ضروری دستاویزات، بین الاقوامی پروٹوکولز اور فتح کے عزم کے ساتھ ضروری ہدایات کو حتمی شکل دی گئی۔
عالمی میدان میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اسکواڈ میں انڈس گالف کلب اٹک کی باصلاحیت کھلاڑی جنت عامر جامی، پی اے ایف اسلام آباد کے محمد بارق ایوب، کراچی گالف کلب کے بہزاد مرتضیٰ، اور لاہور جمخانہ کی نبیہہ نفیس شامل ہیں۔ دستے میں پشاور گالف کلب کے محمد موسیٰ عادل وڑائچ، مارگلہ گرینز کے مصطفیٰ زبیر، اسلام آباد کلب کی وریشہ شاہد ملک، اور پی اے ایف رسالپور کی دعا فرید راؤ بھی شامل ہیں جو ایونٹ میں ملک کے لیے ٹائٹل کے حصول کی جدوجہد کریں گے۔
پاکستان گالف فیڈریشن کے مطابق جونیئر کھلاڑیوں کی اس بڑے مقابلے میں شرکت فیڈریشن کے جونیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے وژن کا عکاس ہے، جس کا بنیادی مقصد نچلی سطح پر ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو بین الاقوامی مقابلوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ جونیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز ملک کامران نے پروفیشنل گالفرز ایسوسی ایشن آف آسٹریلیا سے “گیم ڈویلپمنٹ اینڈ ہائی پرفارمنس پروگرام” کی سرٹیفیکیشن مکمل کرنے کے بعد کیا تھا۔ اس پروگرام کی غیر معمولی کامیابی اور افادیت کے اعتراف میں دنیا میں گالف کی گورننگ باڈی “دی آر اینڈ اے” (The R&A) نے پی جی ایف کو گلوبل الائنس بیسٹ پریکٹسز ایکسچینج کانفرنس میں اپنا جونیئر ڈویلپمنٹ ماڈل شیئر کرنے کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا تھا، جس میں دنیا بھر سے صرف تین فیڈریشنز کو مدعو کیا گیا تھا اور اس بین الاقوامی کانفرنس میں ملک کامران نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
پی جی ایف کی جانب سے پورے دستے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی ہے کہ کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے بنگلہ دیش کی سرزمین پر سبز ہلالی پرچم سر بلند کریں گے۔
