اسلام آباد: ایف آئی اے نے مقدمہ نمبر 235/10 کے اشتہاری ملزم اشتیاق بٹ عرف زاہد بٹ / علی بٹ ولد سکندر بٹ کو 16 سال تک مسلسل کوششوں کے بعد بالآخر خاریاں، گجرات سے گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم نے شکایت کنندہ سے یونان بھیجنے کے جھانسے میں سات لاکھ روپے وصول کیے۔ تحقیقات سے یہ بھی ثابت ہوا کہ ملزم ایران اور ترکی کے راستے غیر قانونی ڈنکی روٹس کے ذریعے معصوم افراد کو یونان پہنچانے کی سہولت فراہم کرنے کے گھناؤنے دھندے میں ملوث تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد سے ملزم فرار تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل ٹھکانے بدلتا رہا۔ ایف آئی اے ٹیم نے انتھک محنت اور پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے ملزم کا سراغ لگا کر اسے خاریاں، گجرات سے گرفتار کر لیا۔
یہ گرفتاری انسپکٹر زاہد بھٹی کی قیادت میں ان کی ٹیم، اے ایس آئی رفیق اور ہیڈ کانسٹیبل عالم زیب نے انجام دی۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون کا عزم ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا — خواہ وہ کتنے ہی عرصے سے فرار ہوں۔
