ہومپاکستانپاکستان، ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان، ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ہز ایکسی لینسی عرفان نذیراوغلو نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ترک سفیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد مختلف دوطرفہ ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت تعاون میں ہونے والی پیش رفت سے نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترجیحی شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ ضروری ہے۔

نائب وزیراعظم نے آئندہ ہونے والے مشترکہ کمیشن اور اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے 8ویں اجلاس کی تیاریوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے پر زور دیا تاکہ دوطرفہ ایجنڈے پر مزید پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔

ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کے حل اور خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔