لندن (سب نیوز)وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے لندن میں محکمہ برائے کاروبار و تجارت میں برطانیہ کے وزیرِ مملکت برائے تجارت، جناب انس سرور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان اور وفاقی وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد بھی موجود تھے۔دونوں وزرا نے رواں سال دسمبر میں شروع ہونے والے پاکستان برطانیہ تجارتی مذاکراتی طریقہ کار کے تحت ٹھوس اور قابلِ عمل نتائج حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارتی حجم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرا نے دونوں ممالک کے درمیان سالانہ 2.5 ارب امریکی ڈالر کے موجودہ تجارتی حجم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کو تسلیم کیا کہ اشیا و خدمات کے شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔دونوں وزرا نے آئی ٹی، فن ٹیک، مینوفیکچرنگ اور پیداواری صنعتوں سمیت مختلف شعبوں میں کاروبار اور تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے میکرو اکنامک اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا ہے، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جبکہ معاشی نقصانات میں کمی اور اقتصادی استعدادِ کار میں بہتری کے لیے بھی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ نجی شعبے کی شمولیت میں اضافہ کیا جا سکے، مسابقت کو فروغ دیا جا سکے اور خدمات کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
