ہومپاکستانمطالبات تسلیم نہ کیے تو مذاکرات ختم کر دینگے، پھر فیصلے سڑکوں پر ہونگے،حافظ نعیم الرحمان

مطالبات تسلیم نہ کیے تو مذاکرات ختم کر دینگے، پھر فیصلے سڑکوں پر ہونگے،حافظ نعیم الرحمان

کراچی(سب نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو مذاکرات ختم کر دیں گے اور پھر فیصلے سڑکوں پر ہوں گے، اسلام آباد مارچ کے بعد حکومت کو ہماری جدوجہد کا اندازہ ہوگیا ہے۔کراچی ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا ایک اور دور آج شام 6 بجے ہوگا، جماعت اسلامی کا حکومت سے واحد مطالبہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے لہذا حکومت مذاکرات کو ٹالنے کی کوشش نہ کرے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت سوال کرتی ہے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے پر رقم کہاں سے آئے گی، ہم حکومت کو بار بار بتا چکے ہیں کہ رقم کہاں سے پوری کی جا سکتی ہے لیکن حکومت کے پاس ہمارے جواب کی کوئی دلیل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 1567 ارب روپے لیوی جمع کرکے صرف 25 ارب روپے کا ریلیف دے رہی ہے، حکومت خیرات بانٹنے کے بجائے پیٹرولیم لیوی ختم کرے، حکومت نے عوام کو لائنوں میں لگانے کا نظام بنا دیا ہے۔حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت کا لاک ڈاون کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، لاک ڈاون کے بجائے پیٹرولیم لیوی ختم کرکے مسئلہ حل کیا جائے، دکانداروں اور تاجروں کو دبا ومیں لانے کا نظام قابل قبول نہیں، پولیس کو دکانیں بند کروانے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کی گئی؟ ٹرانسپورٹ، ٹریکٹرز اور دیگر شعبے ڈیزل پر چلتے ہیں، پیٹرولیم لیوی کی وجہ سے ہر چیز کی قیمت بڑھ رہی ہے، لہذا روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا طریقہ ختم کیا جائے۔حافظ نعیم نے کہا کہ سود کی شرح کم کرنے کے وعدے پر حکومت عمل درآمد کرے، سرکاری اخراجات کم کرنے کے بجائے عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری طیارے کے استعمال کا مکمل ریکارڈ قوم کے سامنے لایا جائے، سرکاری طیارے کے استعمال کے معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، وزرا اور سرکاری افسران کی گاڑیاں 1300 سی سی تک محدود کی جائیں

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر تمام جماعتوں سے رابطے ہیں، اپوزیشن کی جماعتوں نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ہماری تحریک کی حمایت کی ہے، مولانا فضل الرحمان نے بھی پیٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک کی حمایت کی اور بیرسٹر گوہر نے باقاعدہ بیان جاری کرکے ہماری حمایت کی، سندھ اسمبلی دو مرتبہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف قرارداد منظور کر چکی ہے۔حافظ نعیم نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کسی جماعت کا نہیں عام آدمی کا مسئلہ ہے، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر سب کو ایک پیج پر آنا چاہیے، پیٹرولیم لیوی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا بھی مسئلہ ہے، بلاول بھٹو سے بھی پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر رابطے کی کوشش کی۔امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ اسلام آباد مارچ معمولی سرگرمی نہیں، غیر معمولی عوامی شرکت ہوگی، سلام آباد مارچ کے نتیجے میں عوام کو ریلیف ملے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔