ہومتازہ ترینبحریہ ٹاون فیزتھری ای اور فور کا لے آوٹ پلان منسوخ، تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد

بحریہ ٹاون فیزتھری ای اور فور کا لے آوٹ پلان منسوخ، تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد

اسلام آباد(سب نیوز) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے بحریہ ٹاون فیز تھری ای اورفیز فور ، زون5 اسلام آباد کے منظور شدہ لے آوٹ پلان کو فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف ہاوسنگ سوسائٹیز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بحریہ ٹاون (پرائیویٹ)لمیٹڈ کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ ہاوسنگ اسکیم کا تقریبا 2999 کنال رقبے پر مشتمل لے آوٹ پلان سی ڈی اے نے 8دسمبر 2010 کو بعض شرائط و ضوابط کے تحت منظور کیا تھا، تاہم سی ڈی اے کے مطابق تقریبا 15 سال گزرنے کے باوجود اسکیم کے این او سی کے حصول کے لیے مقررہ شرائط اور تقاضے مکمل نہیں کیے گئے۔

سی ڈی اے نے قرار دیا کہ این او سی کے حصول سے قبل اسکیم میں ترقیاتی کام اور زمین یا پلاٹس کی فروخت کی گئی، جو سی ڈی اے آرڈیننس 1960 اور آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشنز 1992 کی خلاف ورزی ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ منظور شدہ لے آوٹ پلان کی مختلف خلاف ورزیوں کے باعث بحریہ ٹاون کو پارکس، کھیل کے میدانوں، اوپن اسپیسز اور دیگر عوامی سہولیات کے پلاٹس خالی کرنے اور انہیں منظور شدہ لے آوٹ پلان کے مطابق بحال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی، تاہم سی ڈی اے کے مطابق اس حوالے سے جمع کرایا گیا جواب حقائق پر مبنی نہیں تھا اور اسے قبول نہیں کیا گیا۔سی ڈی اے نے مزید بتایا کہ فائنل شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا، جبکہ وفاقی آڈٹ کے آڈٹ پیرا میں کارنیش روڈ، بحریہ ٹاون فیز تھری ای اور فیز فور، زون5 میں سی ڈی اے کی پیشگی منظوری کے بغیر کمرشل عمارات کی تعمیر اور منظور شدہ لے آوٹ پلان کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق سی ڈی اے نے آئی سی ٹی ریگولیشن 1992کی شق 5(ٹو)کے تحت بحریہ ٹاون فیز تھری ای اور فیز فورکا 8 دسمبر 2010 کا لے آوٹ پلان فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے ۔

اس کے علاوہ سی ڈی اے نے مذکورہ اسکیم کے بلڈنگ پلانز کی منظوری معطل کرنے اور بحریہ ٹاون پرائیویٹ لمیٹڈ کے دیگر کیسز کی پروسیسنگ/منظوری بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سی ڈی اے نے متعلقہ حکام کو اسکیم میں منظور شدہ لے آوٹ پلان کے برخلاف تعمیر کی گئی عمارات اور دیگر ڈھانچوں کے خلاف قانونی کارروائی اور ضرورت پڑنے پر انہدام کی کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ جبکہ آئیسکو اور سوئی ناردرن کو ہدایت کی گئی ہے کہ سروس کنکشنز صرف سی ڈی اے کے منظور شدہ لے آوٹ اور بلڈنگ پلانز کے مطابق فراہم کیے جائیں۔نوٹیفکیشن میں ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر اسلام آباد میں نجی ہاوسنگ، فارم ہاوسنگ، ورٹیکل ہاوسنگ یا کمرشل منصوبوں کے اشتہارات کی اشاعت کی اجازت نہ دی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔