ہومآزاد کشمیرمسلم لیگ (ن) نے صدر آزاد کشمیر کیلئے امیدوار نامزد کردیا

مسلم لیگ (ن) نے صدر آزاد کشمیر کیلئے امیدوار نامزد کردیا

اسلام آباد:مسلم لیگ(ن) نے محمد نجیب نقی خان کو آزاد ریاست جموں وکشمیر کے صدارتی الیکشن کیلئے اپنا امیدوار نامزد کردیا۔
پنجاب کی سینئروزیر مریم اورنگزیب نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے نجیب نقی کوصدارت کیلئے نامزد کیا، انہیں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے محمد نجیب نقی کو صدارتی منصب کیلئے نامزدگی پرمبارکباد بھی پیش کی۔
صدارتی الیکشن کب ہوگا؟
صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیر کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 19 ستمبر کو جمع ہونگے جن کی اسی روز جانچ پڑتال کی جائے گی۔23ستمبرکو کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے، صدر ریاست کا انتخاب 24 ستمبر صبح 10 سے دوپہر 1 بجے تک اسمبلی سیکریٹریٹ مظفرآباد میں ہوگا۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کون ہیں؟
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان 19 جنوری 1964 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے،انہوں نے ایچی سن کالج سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور 1988 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس کیا۔
وہ 2016 میں مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے،صحت، خزانہ، ترقیاتی و منصوبہ بندی کے وزیر بھی رہے۔
وزارت صحت کے دوران اسپتالوں میں 24 گھنٹے مفت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی سمیت صحت کے شعبے میں مختلف اقدامات کیے گئے۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے اپنے سیاسی سفر میں سدھنوتی کی ترقی اور بنیادی سہولیات پر بھی توجہ دی۔ ان کی کوششوں سے علاقے کو ضلع کا درجہ دلانے اور ترقیاتی منصوبوں کے فروغ میں کردار ادا کیا گیا۔
آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ایکشن پلان کی تیاری میں بھی ان کا کردار رہا۔
ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق سدھن قبیلے سے ہے اور ان کا خاندان طویل عرصے سے آزاد کشمیر کی سیاست اور عوامی خدمت سے وابستہ ہے۔ان کے والد کرنل محمد نقی خان آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن اور وزیر صحت و خوراک رہے جبکہ ان کے دادا خان محمد خان کو بابائے پونچھ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔