اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈان اسٹوئنسکو نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت نائب صدر طارق خان جدون نے کی۔ ملاقات میں رومانیہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نومبر میں FPCCI کے کاروباری وفد کے دورہ رومانیہ کی تیاریوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
مجوزہ وفد بخارسٹ، براشوف اور کلوج ناپوکا کا دورہ کرے گا، جہاں پاکستانی اور رومانیہ کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے اور شراکت داری و سرمایہ کاری کے ٹھوس مواقع تلاش کیے جائیں گے۔FPCCI پاکستان کی کاروباری برادری کا اعلی ترین نمائندہ ادارہ ہے، جو ٹیکسٹائل، زراعت، مشینری، کٹلری سمیت مختلف اہم صنعتی و تجارتی شعبوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
رومانیہ کا سفارتخانہ پاکستان کے نجی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتا ہے۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کو عملی کاروباری منصوبوں، سرمایہ کاری اور دیرپا شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔
