ہومتازہ تریننومنتخب سیکرٹری جنرل او آئ سی کا مسلم ممالک میں مصنوعی زہانت، سائنس ٹیکنالوجی اور جدت کے لیے کامسٹیک کے کلیدی کردار پر زور،

نومنتخب سیکرٹری جنرل او آئ سی کا مسلم ممالک میں مصنوعی زہانت، سائنس ٹیکنالوجی اور جدت کے لیے کامسٹیک کے کلیدی کردار پر زور،

کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک کی او آئی سی کے نو منتخب سیکرٹری جنرل سے ملاقات، مسلم دنیا میں مصنوعی ذہانت، سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی تعاون (کامسٹیک) کے کوآرڈینیٹر جنرل، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے او آئ سی کے نومنتخب سیکرٹری جنرل اسماعیل بن شیخ احمد سے او آئ سی جنرل سیکرٹریٹ، جدہ میں اہم ملاقات کی

۔ ملاقات میں او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی، اعلیٰ تعلیم، تحقیق، صحت اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا منصب سنبھالنے پر جناب اسماعیل بن شیخ احمد کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کامسٹیک کے او آئ سی رکن مبصر ممالک کے کے لیے جاری پروگرام کے حوالے سے تفصلی آگاہ کیا۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے فلسطینی عوام کے حق میں کامسٹیک اور پاکستان کی مسلسل خدمات کو سراہا، بالخصوص فلسطینی طلبہ اور اسکالرز کے لیے کامسٹیک کی جانب سے 5,000 فیلوشپس اور اسکالرشپس کی پیشکش کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کے آئندہ دورے کے دوران فلسطینی اسکالرز، میڈیکل طلبہ اور بایومیڈیکل محققین سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا اور فلسطینی سائنسی و علمی برادری کی مسلسل معاونت کے لیے کامسٹیک کے عزم کو سراہا۔

ملاقات کے دوران سیکرٹری جنرل نے مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں کامسٹیک کے اقدامات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کامسٹیک پر زور دیا کہ وہ او آئی سی کے تحت ایک جامع اور مشترکہ مصنوعی ذہانت کے اقدام کی قیادت کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو صرف مصنوعی ذہانت کے استعمال کنندہ تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے AI ٹیکنالوجیز کی ترقی، اختراع اور تحقیق میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

سیکرٹری جنرل نے مسلم دنیا کی ترقی کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کی تزویراتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے وزیر اعظم اور کامسٹیک کے شریک چیئرمین کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے مزید تعاون اور معاونت کے امکانات پر بات کریں گے۔ انہوں نے او آئی سی کے اندر سائنسی و تکنیکی ترقی کے فروغ میں پاکستان کے اہم قائدانہ کردار اور دیرینہ خدمات کو بھی سراہا۔

ملاقات میں کامسٹیک کے افریقہ کے لیے صحت پروگرام سمیت صحت عامہ، وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاری، اسکالرز کی نقل و حرکت، خواتین سائنسدانوں کے لیے جاری اقدامات، آبی وسائل کے انتظام اور غذائی تحفظ سے متعلق کامسٹیک کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں او آئی سی-کامسٹیک کی جنرل اسمبلی اور ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس جلد از جلد منعقد کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اس سلسلے میں پاکستان کے وزیر اعظم اور کامسٹیک کے شریک چیئرمین سے مشاورت کرنے کے اپنے ارادے کا اظہار کیا۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے کامسٹیک کے لیے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا اور سائنس، ٹیکنالوجی، اعلیٰ تعلیم، تحقیق، اختراع اور استعدادِ کار میں اضافے کے ذریعے او آئی سی رکن ممالک کی ترقی میں کامسٹیک کے کلیدی کردار کو سراہا۔

ملاقات میں او آئ سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی آفتاب احمد کھوکر اور سیکرٹری جنرل کی کابینہ کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر احمد سعید باہ بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔