ہومبریکنگ نیوزملک میں سیلاب کا الرٹ جاری، دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

ملک میں سیلاب کا الرٹ جاری، دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

اسلام آباد: ملک میں دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات کے ساتھ کئی علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 17 ستمبر 2026 تک متوقع بارشوں کے نتیجے میں گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر کے علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ خیبرپختونخوا میں اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی کے علاقوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل کے علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
اسی طرح اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کرتے ہوئے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کی ہدایت کردی ہے۔ این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی تشخیص کرتے ہوئے عوام اور متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہی یقینی بنا رہا ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی گزرگاہوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔ اسی طرح موسم سے متعلق مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی سیلابی صورتحال میں مدد حاصل کرنے کے لیے 911 ہیلپ لائن سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔