بونیر: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں اور پکڑ دھکڑ سے گریز کرے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت اور ملک بچانے کیلئے نکلے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرامن اور آئین و قانون کے مطابق سٹریٹ موومنٹ کریں گے، پنجاب حکومت خاص طور پر رانا ثناء اللہ وزیراعلیٰ کے پی کے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں اور پکڑ دھکڑ سے گریز کرے، سیاسی کشیدگی کم کرنے کیلئے مفاہمت اور بہتر اقدامات کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور فیملی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ گولی نہیں چلنی چاہیے، گولی کا وقت ختم ہونا چاہیے، اسلام آباد انصاف مانگنے آ رہے ہیں، پی ٹی آئی کارکنان اسلام آباد پرامن طریقے سے آئیں گے، اختلافِ رائے کی قدر کرنا جمہوریت کا حصہ ہے، حکومت سخت اقدامات کے بجائے مفاہمت کی طرف بڑھے۔
