ہومتازہ ترینبینکاک میں یوم دفاع و شہدا پاکستان سے متعلق پروقار تقریب کا انعقاد

بینکاک میں یوم دفاع و شہدا پاکستان سے متعلق پروقار تقریب کا انعقاد

بینکاک (سب نیوز)تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں یوم دفاع و شہدا پاکستان سے متعلق پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تھائی لینڈ کے سابق وزیر خارجہ ، تھائی مسلح افواج اور وزارتِ دفاع کے اعلی حکام، بنکاک میں تعینات دفاعی و سفارتی کور کے ارکان سمیت پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔تھائی لینڈ میں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی اوردیگر حکام نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

تقریب میں یوم دفاع کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے شہدا، ان کے اہل خانہ اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ۔ مقررین نے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی طویل عرصے سے جاری خدمات کو سراہا۔ سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع کے حق کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان تصادم اور جنگ کے بجائے مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی تعاون کو ترجیح دیتا ہے۔

انہوں نے تمام عالمی تنازعات اور مسائل کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کشمیری اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، جو متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے۔تقریب میں پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان گزشتہ 75 برسوں پر محیط دیرینہ دوستی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے دوران پاکستان کے دفاع میں شہدا اور غازیوں کی بہادری، قربانی اور استقامت پر مبنی مائیکرو میوزیکل بھی پیش کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔