ہومپاکستانتجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنا اولین ترجیحات ہیں، وزیراعظم

تجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنا اولین ترجیحات ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم زیرصدارت ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تجارتی عمل میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ اور برآمدات کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کا بنیادی مقصد تجارت سے متعلق تمام طریقہ کار میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ حجم کی حامل بندرگاہوں پر تمام متعلقہ ادارے کاروباری برادری کو ایک ہی مقام پر سہولیات فراہم کریں، مختلف اداروں کی مشترکہ انسپیکشن اور مشترکہ پروفائلنگ کے نظام کو فروغ دیا جائے۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک 30 فیصد پری ارائیول کلیئرنس کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، رواں مالی سال کے اختتام تک گرین چینل کا حصہ 65 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر ہے۔ بریفنگ کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک مجاز اقتصادی آپریٹرز کی تعداد 50 سے زائد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام نان ٹیرف اقدامات کا جامع آڈٹ اور تجارت کے راستے میں حائل غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں، پاکستانی بندرگاہوں تک براہِ راست شپنگ لائنز لانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے قومی تجارتی کارکردگی انڈیکس تیار کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا صرف ہائی رسک کارگو کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جائے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے تمام بندرگاہوں کے لیے ٹائم ریلیز آٹومیٹڈ سسٹم کے مقررہ اہداف کی منظوری دے دی، وزیراعظم نے نان ٹیرف اقدامات کے جائزے کے لیے ورکنگ گروپ کی منظوری بھی دی۔ انھوں نے کہا کہ ورکنگ گروپ غیر ضروری قواعد کے خاتمے اور تجارت میں آسانیاں پیدا کرنیکا ایک ماہ میں روڈ میپ دیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔