جدہ(خصوصی رپورٹ: خالد نواز چیمہ)وزیرِ اعظم پاکستان کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے وژن اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفی ربانی نے جازان ریجن کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کرکے حوثی ملیشیا کے حالیہ حملوں میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
قونصل جنرل نے بیش جنرل ہسپتال، صبیا ہسپتال اور کنگ فہد ہسپتال میں زیرِ علاج پاکستانی شہریوں سے ملاقات کی، ان کی صحت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ یہ امر باعثِ اطمینان ہے کہ تمام متاثرہ پاکستانی شہریوں کی حالت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے صحت یابی کی جانب گامزن ہیں۔اس موقع پر سید مصطفی ربانی نے زخمی پاکستانیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ پاکستانی قونصلیٹ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی مکمل صحت یابی تک ہر ممکن تعاون اور معاونت جاری رکھی جائے گی۔قونصل جنرل سید مصطفی ربانی کا جازان تک پہنچ کر زخمی پاکستانیوں کی خود عیادت کرنا ان کی فرض شناسی، انسان دوستی اور پاکستانی کمیونٹی سے گہری وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔

انہوں نے اپنے دورِ ذمہ داری میں پاکستانی شہریوں کے مسائل کے حل، ان کی فلاح و بہبود اور مشکل حالات میں فوری مدد کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ ان کا متحرک اور عوام دوست اندازِ سفارت کاری پاکستانی کمیونٹی کے لیے اعتماد اور حوصلے کا باعث بن رہا ہے۔سید مصطفی ربانی نے ہسپتال انتظامیہ سے بھی ملاقاتیں کیں اور پاکستانی شہریوں کو فراہم کی جانے والی بہترین طبی سہولیات، علاج اور خصوصی نگہداشت پر سعودی حکام اور ہسپتال انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ نے حکومتِ سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی بروقت دیکھ بھال اور جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے گہری تشکر کا اظہار کیا۔پاکستانی کمیونٹی پاکستان جرنلسٹس فورم اوورسیز پاکستانیز گلوبل فانڈیشن کے حلقوں نے قونصل جنرل سید مصطفی ربانی کے اس اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں زخمی پاکستانیوں تک خود پہنچ کر ثابت کیا ہے کہ سفارتی ذمہ داری صرف دفاتر تک محدود نہیں بلکہ اپنے لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہونا بھی اس کا بنیادی تقاضا ہے۔ ان کا یہ طرزِ عمل سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اپنائیت، اعتماد اور حوصلے کا باعث ہے۔
