ہومتازہ ترینپاکستان اور چین نے دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر عظیم دیوار چین پر شاندار مشترکہ موسیقی پروگرام منعقد کیا

پاکستان اور چین نے دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر عظیم دیوار چین پر شاندار مشترکہ موسیقی پروگرام منعقد کیا

بیجنگ،: پاکستان اور چین نے اپنے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی میں چین کے تاریخی مقام بادالنگ عظیم دیوار پر ایک شاندار ثقافتی شام کا انعقاد کیا۔ 2026 بیجنگ گریٹ وال کنسرٹ بعنوان “این اوڈ ٹو آئرن کلاڈ فرینڈشپ” میں دونوں ممالک کی موسیقی، رقص اور ثقافتی روایات کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا۔

یہ تاریخی کنسرٹ بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر (CICCC) کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس نے چین کے معروف تاریخی ورثے کو پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور ثقافتی قربت کے اظہار کے لیے ایک منفرد اسٹیج میں تبدیل کر دیا۔

دونوں ممالک کے ممتاز فنکاروں نے اس موقع پر موسیقی اور رقص کا دلکش امتزاج پیش کیا۔ پاکستان کی معروف کتھک رقاصہ اور پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ نگہت چوہدری، چین کی معروف رقاصہ ژانگ جنگ دی، معاصر قوالی کے معروف فنکار زین زوہیب، چینی کلراٹورا سوپرانو چانگ سی سی اور نئی نسل کی گلوکارہ شو زی یاؤ نے اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

فنکاروں نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے ثقافتی روابط کو فروغ دیا، دوستی کا مضبوط پیغام پہنچایا اور پاکستان و چین کے درمیان پائیدار تعلقات کا جشن منایا۔ حاضرین فنکاروں کی بہترین پرفارمنس سے بے حد متاثر ہوئے، جنہوں نے ثقافتی تبادلے کے حسن اور موسیقی و رقص کی یکجہتی پیدا کرنے والی طاقت کو نمایاں کیا۔

مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ عظیم دیوار چین پاکستان اور چین کے تعلقات کے اس تاریخی سنگ میل کو منانے کے لیے ایک بہترین مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی یادگار دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کے ساتھ ایک خصوصی تعلق بھی رکھتی ہے۔

سفیر خلیل ہاشمی نے 1989 میں حکومت پاکستان کے تعاون سے بادالنگ میں عظیم دیوار کے واچ ٹاور نمبر 6 اور 7 کے درمیان واقع حصے کی بحالی کا حوالہ دیتے ہوئے اسے چینی تہذیب کے لیے پاکستان کے احترام اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا مستقل اظہار قرار دیا۔

انہوں نے کہا، “موسیقی جذبات کو آواز دیتی ہے جبکہ رقص انہیں شکل اور حرکت فراہم کرتا ہے،” اور اس بات پر زور دیا کہ فنون لطیفہ ثقافتی ورثے کو محض یاد رکھنے کی چیز کے بجائے ایک زندہ اور محسوس کیے جانے والے تجربے میں تبدیل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

سفیر خلیل ہاشمی نے کنسرٹ کے انعقاد میں تعاون پر چیئرمین لانگ یو شیانگ اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کا شکریہ ادا کیا، جبکہ تقریب کے انعقاد میں معاونت پر یان چنگ ڈسٹرکٹ کی پیپلز گورنمنٹ کو بھی سراہا۔

اس یادگار شام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں چینی شہریوں، پاکستان کمیونٹی کے ارکان اور پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ اور سفیروں نے شرکت کی۔ ان میں وہ ممتاز سفارت کار بھی شامل تھے جنہوں نے بیجنگ میں خدمات انجام دیتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔