سرگودھا(آئی پی ایس )پاکستان میں ماریشس کے سفیر ایچ. منسو کریم بیکس نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCC&I) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیمبر کی قیادت اور مقامی کاروباری برادری کے نمائندوں سے مفید ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ماریشس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ بالخصوص کینو اور دیگر ترش پھلوں، چاول، ٹیکسٹائل، دستکاری، کاسمیٹکس، قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ماریشس کے سفیر نے دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے چیمبر کو بزنس ٹو بزنس (B2B) روابط کے فروغ اور ماریشس چیمبر آف کامرس کے ساتھ تعاون میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے سرگودھا چیمبر کو تجارتی و کاروباری مواقع کا جائزہ لینے کے لیے ماریشس کا کاروباری وفد بھیجنے کی بھی ترغیب دی۔ دورے کے دوران چیمبر کے احاطے میں شجرکاری بھی کی گئی، جس کے بعد سرگودھا جمخانہ میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ماریشس کے سفیر نے سرگودھا چیمبر کے صدر خواجہ یاسر قیوم، ایگزیکٹو کمیٹی اور کاروباری برادری کی جانب سے پرتپاک استقبال، مہمان نوازی اور مفید تبادلہ خیال پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔
