اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابات اور انتخابی عمل کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں انتخابات کے انعقاد اور انتخابی عمل کے حوالے سے انجینئر امیر مقام کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے تحت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
