ہومپاکستانبالائی علاقوں میں بارشوں کے نئے اسپیل کا الرٹ ، اسلام آباد، راولپنڈی اورخطہ پوٹھوہار میں 4، 5ستمبر کو موسلا دھار بارش متوقع

بالائی علاقوں میں بارشوں کے نئے اسپیل کا الرٹ ، اسلام آباد، راولپنڈی اورخطہ پوٹھوہار میں 4، 5ستمبر کو موسلا دھار بارش متوقع

اسلام آباد(سب نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں کل سے 6ستمبر تک تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں آئندہ 2 روز کے دوران بارش کے ایک اور اسپیل کی پیشگوئی کی گئی ہے، موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہرکیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث بارشوں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ مغربی ہواوں اور مون سون ہواں کے باعث 4 اور 5 ستمبر کو اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔اسلام آباد کے علاوہ مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاو الدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور قصور میں 3 سے 5 ستمبر کے دوران تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ اسی طرح اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان سمیت ملحقہ علاقوں میں 4 اور 5 ستمبر کو وقفے وقفے تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں 3 سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔خیبر پختونخوا میں پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈی آئی خان، بنوں اور وزیرستان میں 3 ستمبر کی شام یا رات سے 5 ستمبر تک تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور شگر میں بھی 3 سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم بلوچستان کے ژوب، بارکھان، موسی خیل اور ملحقہ علاقوں میں بارش، تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 4 اور 5 ستمبر کو اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں شدید بارش کے باعث اچانک سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔سیاحوں اور مسافروں کو موسمی صورتحال کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ کسانوں کو بھی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں سے متعلق سرگرمیاں ترتیب دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔