لاہور (آئی پی ایس )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوانوں کے لیے سی ایم مریم نواز الیکٹرک بائیک اسکیم کے تحت پنجاب کے طلبہ کو سوا لاکھ سے زیادہ ای بائیکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے طلبہ سے ڈان پیمنٹ وصول کرنے سے روک دیا، جبکہ ماہانہ قسط کے علاوہ دیگر واجبات سے متعلق سفارشات بھی مسترد کردیں۔حکومت پنجاب ای بائیک پر انٹرسٹ اور انشورنس بھی ادا کرے گی، جبکہ طلبہ کے لیے ماہانہ قریبا 3 ہزار روپے قسط مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے اسی ہفتے ای بائیک پورٹل کھولنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم کا دائرہ کار بتدریج گورنمنٹ ملازمین، ڈیپارٹمنٹس، جنرل پبلک اور ڈیلیوری بوائے تک وسیع کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔سیکریٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے اجلاس میں سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم کے تحت ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ سکیم کی بائیک میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب ہوگی۔بریفنگ کے مطابق خواہش مند طلبہ کو وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ای بائیک ڈرائیونگ کے لیے 2 روزہ ٹریننگ بھی مفت کرائی جائیگی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم میں اہل طلبہ کو 6 ہفتوں کے اندر بائیک کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا۔
