اسلام آباد : او آئی سی۔کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے او آئی سی آربیٹریشن سینٹر کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عمر اے عثمانی سے ملاقات کی، جس میں ادارہ جاتی تعاون، پیشہ ورانہ تربیت، استعداد کار میں اضافے اور علمی تبادلے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے وفد کو او آئی سی۔کامسٹیک کے مختلف پروگراموں سے آگاہ کیا جو او آئی سی کے رکن ممالک میں سائنس، ٹیکنالوجی، جدت اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے جاری ہیں۔
ڈاکٹر عمر اے عثمانی نے او آئی سی۔کامسٹیک کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ میں ادارے کے کردار کی تعریف کی۔
فریقین نے مستقبل میں دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ، پیشہ ورانہ تربیت، استعداد کار بڑھانے اور علم و تجربات کے تبادلے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں وزارت قانون و انصاف کی سینئر کنسلٹنٹ اور انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (IMAC) کی پروجیکٹ ڈائریکٹر عائشہ رسول اور آئی ایم اے سی کے رجسٹرار احسان اللہ خان بھی شریک تھے۔
