لاہور (سب نیوز): پاکستان میں اٹلی کے سفیر اوگو چیارلاتانی نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ لاہور کے تاریخی والڈ سٹی کا دورہ کیا اور شہر کے صدیوں پر محیط ثقافتی و تعمیراتی ورثے کا مشاہدہ کیا۔
دورے کے دوران اطالوی سفیر اور ان کی اہلیہ نے قدیم گلیوں میں چہل قدمی کی، صدیوں پرانی عمارتوں کا معائنہ کیا اور ان تاریخی مقامات کا مشاہدہ کیا جو لاہور کی منفرد شناخت اور بھرپور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔
اطالوی سفیر نے لاہور کی تاریخی گہرائی اور ثقافتی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کا ورثہ خطے کے متنوع اور شاندار ماضی کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
حکام نے سفیر کو تاریخی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لیے جاری اقدامات اور قدیم عمارتوں کی تزئین و مرمت کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ سفیر اوگو چیارلاتانی نے تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ثقافتی ورثے کا تحفظ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اطالوی سفیر کا دورہ لاہور کے تاریخی ورثے میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی دلچسپی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ والڈ سٹی لاہور سفارت کاروں، سیاحوں اور محققین کے لیے مسلسل ایک اہم ثقافتی مرکز کی حیثیت اختیار کر رہا ہے۔
حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لاہور کے تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور والڈ سٹی کو ثقافتی سیاحت کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔
