لاہور(سب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں 14 معصوم بچے جاں بحق ہوگئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں مریم نواز نے کہاکہ اس دلخراش سانحے نے پوری قوم کو سوگ میں مبتلا کردیا ہے، جس کی تکلیف اور کرب کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ ان معصوم جانوں کے ناقابل تلافی نقصان پر وہ سوگوار والدین کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔مریم نواز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام سوگوار خاندانوں کو اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ پمز اسپتال میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ کے باعث 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت کو معطل کردیا ہے، جبکہ ذمہ داروں کے تعین کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
